اقوام متحدہ مشن کا افغان امن مذاکرات میں خواتین کی شرکت کا مطالبہ

کابل:اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان (یو این اے ایم اے)نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اتوار کے روز ایک بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ خواتین کو امن بات چیت میں شامل کیا جائے۔یو این اے ایم اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب جبکہ بین الافغانی امن بات چیت شروع ہونے کی توقع ہے، خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں اور افغانستان بھر میں رضاکاروں نے اس بات پر توجہ مرکوز کی ہے کہ سماجی، سیاسی، شہری اور معاشی زندگی کے بارے میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے تحفظ بارے حکمت عملی بنائی جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حکمت عملیوں جس کو اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہے اور اس کو تسلیم بھی کیا جارہا ہے کہ خواتین کو امن مذاکرات میں شامل کیا جانا چاہئے اور یہ کہ ملک بھر میں اور کمیونٹی سطح پر اس کی ملکیت کے ساتھ ساتھ سیاسی فیصلہ سازی میں معاشرے کے تمام ارکان کے ساتھ بامعنی شرکت کے حوالے سے اس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔اقوام متحدہ کا مشن برائے افغانستان خواتین کا عالمی دن منا رہا ہے جس کا عنوان ہے "میں صنفی مساوات کی علمبردار ہوں جسے خواتین کے حقوق کا احساس ہے ” جس کا مقصد صنفی برابری اور خواتین کے حقوق کے لئے انفرادی اور اجتماعی کوششیں کرنا ہے تاکہ اس کو حقیقت کا روپ دیا جاسکے۔بیان میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اور یو این مشن کے سربراہ تادمیچی یاماموتو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک پرامن معاشرے کی تشکیل کے لئے ضروری ہے کہ افغان خواتین کو تعلیم، صحت اور باعزت روزگار تک رسائی ہو اور پارلیمنٹ سے لے کر امن مذاکرات تک تمام سیاسی فیصلہ سازی میں خواتین کو بھر پور نمائندگی حاصل ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں