آڈیو ویڈیو لیکس، عمران خان کا چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے تمام ججز کو خط
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے غیرمصدقہ آڈیو،اور ویڈیو لیکس کے تدارک کے حوالے سے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور تمام ججز کو خط لکھ دیا اور تمام ججز سے آئین کے تحت شہریوں کے پرائیویسی تحفظ کیلئے اقدامات کی استدعا کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے غیرمصدقہ آڈیو اور ویڈیوز لیکس کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال اور سپریم کورٹ کے تمام ججز کو خط لکھ دیا ہے جس میں گزشتہ برس دائرآئینی درخواست فوری سماعت کیلئے مقررکرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ عمران خان نے اپنے خط میں کہا ہے کہ مبینہ آڈیوزویڈیوز سابق سرکاری شخصیات اورعام افراد کے مابین گفتگو پر مبنی ہیں، اور یہ غیر مصدقہ مواد پر مشتمل ہوتی ہیں، ان آڈیوز اور ویڈیوز کو کاٹ چھانٹ کر جعلی طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے، قومی شواہد ہیں کہ اس جعلی مواد سے تنقیدی آوازوں کو دبایا ہے۔ عمران خان نے استدعا کرتے ہوئے تحریر کیا ہے کہ بدقسمتی سے اب تک میری یہ درخواست سماعت کیلئے مقرر نہ کی جاسکی، میری گزشتہ برس دائر کی گئی آئینی درخواست فوری سماعت کیلئے مقررکی جائے۔ عمران خان نے تمام ججز سے آئین کے تحت شہریوں کے پرائیویسی تحفظ کیلئے اقدامات کی استدعا کرتے ہوئے 8 اہم ترین سوالات بھی چیف جسٹس اور ججز کے سامنے رکھ دئیے ہیں۔


