ایٹمی پروگرام کسی مالیاتی ادارے کے ساتھ ایجنڈے پر نہیں ، ممتاز زہرہ بلوچ
اسلام آباد ( آن لائن)پاکستان نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا کہ خطے میں امن کے خواہش مند ہیں ،امن کی بحالی جیسے اقدامات کی بھر پورسپورٹ کریں گے ،ایٹمی پروگرام کا معاملہ کسی مالیاتی ادارے کے ساتھ ایجنڈے پر نہیں ،ایٹمی پروگرام پر قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا ۔بھارت اور یورپ میں مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز جرائم میں اضافے پر تشویش ہے،وزیراعلیٰ کرناٹک کے ریمارکس خطے میں منفی اثرات مرتب کررہے ہیں ،کشمیر قیادت کی غیر قانونی حراست اور انہیں ہراساں کئے جانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا موریطانیہ کا دورہ مکمل ہوگیا ہے ،وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی صدارت موریطانیہ کے حوالے کی،فلسطین اور کشمیر کا معاملہ اجاگر کیاگیا۔پاکستان بھارت میں ایس سی او اجلاس کے حوالے سے دعوت ناموں کا جائزہ لے رہا ہے،کئی ماہ پہلے کسی دعوت نامے پر فیصلہ لینا قبل از وقت ہو گا۔


