اسلام آباد ہائیکورٹ کا فواد چوہدری کو رہائی کا حکم، پولیس کی دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے گیٹ پر گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔اس موقع پر فواد چوہدری دروازے سے واپس بھاگ کر ہائی کورٹ میں داخل ہو گئے۔فواد چوہدری کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔اس سے کچھ دیر قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے احکامات جاری کرتے ہوئے فواد چوہدری کی گرفتاری غیر قانونی قرار دے دی۔اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔دورانِ سماعت فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان، فیصل چوہدری ایڈووکیٹ اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ چیف جسٹس نے ایک آرڈر جاری کیا جس پر عمل نہیں ہوا، یہ آرڈر نہ آئی جی اسلام آباد اور نہ ہی کسی اور نے دیکھا، جب آپ نے انہیں پکڑا تو اس وقت آرڈر دکھایا گیا، آپ کے پاس آرڈر کی تصدیق کے کئی طریقے تھے، آرڈر نہ آئی جی اسلام آباد اور نہ ہی کسی اور نے دیکھا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی خوش گوار دن نہیں تھا، خدشات درست تھے۔عدالت نے حکم دیا کہ پٹیشنرز رہائی کے بعد انڈر ٹیکنگ دیں کہ وہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی نہیں کریں گے، یہ بھی یقین دہانی کرائیں کہ قانون کی خلاف ورزی نہیں کریں گے، انڈر ٹیکنگ کی خلاف ورزی ہوئی تو ان ارکانِ پارلیمان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی ہو گی، اس بنیاد پر ارکانِ پارلیمان نا اہل بھی ہو سکتے ہیں، عدالت وقت دے رہی ہے کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور آئی جی اس معاملے کو دیکھیں، فواد چوہدری اس دوران کمرۂ عدالت میں موجود رہیں۔جس کے بعد عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں تھری ایم پی او کے تحت فواد چوہدری کی گرفتاری کےخلاف درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وقفے کے بعد سماعت شروع کی تو ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون روسٹرم پر آ گئے۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا کہ کچھ حقائق عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، عدالتی حکم کی کا پی آئی جی آفس اور لاء افسران کو نہیں دی گئی، بائیو میٹرک بھی نہیں کرایا گیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ جج نہیں ہیں، یہ ہم نے دیکھنا ہے کہ بائیومیٹرک ہے یا نہیں۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ فواد چوہدری کو کسی مقدمے میں گرفتار نہیں کیا گیا، اگر کسی مقدمے میں گرفتاری ہوتی تو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا ضروری ہوتا، عدالت نے کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکا تھا، اگر مقدمے میں گرفتار کرتے تو میں بھی رہائی کا کہتا، عدالت نے جس پٹیشن پر گرفتاری سے روکا اس میں بھی ڈی سی فریق نہیں تھے، فواد چوہدری نے اپنے کنڈکٹ سے ثابت کرنا ہے کہ وہ پُرامن شہری ہیں، 9 مئی کے واقعات میں قوم کا اربوں روپے کا نقصان ہوا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ہم فواد چوہدری کے خلاف کارروائی سے تو نہیں روک رہے۔اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ میں پہلے سارا دن ہائی کورٹ میں تھا اور اگلا تمام دن سپریم کورٹ میں تھا۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ عمران خان کے کیس میں عدالت نے گرفتاری سے روکتے ہوئے ایم پی او کا الگ سے ذکر کیا، اگر وہ صرف مقدمات میں گرفتاری روکتے تو ایم پی او کے تحت گرفتاری ہو سکتی تھی۔فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو اب تو ہائی کورٹ کے حکم سے متعلق معلوم ہو گیا۔انہوں نے استدعا کی کہ عدالت فواد چوہدری کی گرفتاری روکنے کے حکم میں توسیع کر دے، فواد چوہدری کو متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی مہلت دی جائے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پولیس کو فواد چوہدری کو گرفتاری سے روکنے کی کوئی دستاویز دکھائی گئی؟بابر اعوان نے کہا کہ آرڈر سنایا گیا تو پولیس افسر نے کہا کہ مجھے انگریزی نہیں آتی، فواد چوہدری کو جن خدشات پر گرفتار کیا گیا ان کا مواد موجود ہی نہیں۔جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ جو واقعات ہوئے ان کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ فواد چوہدری ایک اہم شخصیت ہیں، وفاقی وزیر رہ چکے ہیں، کیا آپ کو پاکستان کے ہجوم کا نہیں معلوم؟ آپ کہتے ہیں کہ باہر نکلو تو کیا مطلب لے رہے ہوتے ہیں کہ صرف شریف لوگ باہر نکلیں؟ اس مواد پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یہ آرڈر پاس نہ کریں تو کیا کریں؟ میرا مسئلہ ہے کہ میں بہت واضح ہوں اور کھل کر بات کرتا ہوں، فواد چوہدری کو عدالت بلانے کا مقصد انہیں رہا کرنا تھا، اس عدالت نے یہ مواد پہلے نہیں دیکھا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کےخلاف درخواست پرفیصلہ محفوظ کر لیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے احکامات جاری کرتے ہوئے فواد چوہدری کی گرفتاری غیر قانونی قرار دے دی۔


