بیرون ملک سے ترسیلات زر کی مد میں سالانہ ایک لاکھ ڈالر پاکستان بھیجنے کی منظوری
اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے بیرون ملک سے ترسیلات زر کی مد میں سالانہ ایک لاکھ ڈالر پاکستان بھیجنے کی منظوری دے دی۔سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا،کمیٹی نے غیر ملکی ورکرز کی آمدن پر 2 لاکھ روپے ایڈوانس ٹیکس لگانے کی حمایت کر دی۔ نان فائلرز کیلئے 50 ہزار روپے کی ٹرانزیکشن پر 0.6 فیصد ٹیکس لگانے کا معاملہ،ارکان نے یومیہ کیش ٹرانزیکشن پر ٹیکس کی مخالفت کردی۔ کمیٹی نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے غیرمنقولہ پراپرٹی کی خریداری پر 2 فیصد ٹیکس چھوٹ کی حمایت کردی۔حکام ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس فارن ڈومیسٹک ورکرز یا ہیلپرز پر لاگو ہوگا،قانون کا مقصد معیشت کو دستاویزی شکل دینا ہے، یہ ٹیکس ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل نہ ہونے والوں سے لیا جائے گا، کمیٹی نے ٹرانزیکشن کی رقم کم کرکے 25 ہزار اور ایڈوانس ٹیکس ایک فیصد کرنے کی تجویز دیدی۔سعدیہ عباسی نے کہا کہ اگر کوئی ٹیکس پیئر نہیں ہے، اس کا بینک اکاﺅنٹ ہی نہ کھولا جائے۔ ایس ای سی پی نے رقوم کی ترسیل میں منی لانڈرنگ کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔


