(ن) لیگ کے سینئر رہنما امیر مقام کے قافلے پر فائرنگ، سپیکرقومی اسمبلی کی مذمت
شانگلہ، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما انجینئر امیر مقام کے قافلے پر شانگلہ میں فائرنگ کی گئی تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے ،انجینئر امیر مقام نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ مارتونگ کے مقام پر نامعلوم افراد نے میرے قافلے پر فائرنگ کی، گارڈز کی جوابی فائرنگ سے مسلح افراد فرار ہوگئے ۔امیر مقام نے کہا کہ وہ مارتونگ میں نادرا آفس کے افتتاح اور جلسے کیلئے جارہے تھے ،امیر مقام پر 2014 میں بھی اسی مقام پر حملے کی کوشش کی گئی تھی۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مارتونگ میں مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر اوروزیراعظم کے معاون خصوصی انجینئر امیرمقام پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے انجینئر امیرمقام کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ امیر مقام قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے امیر مقام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ قاتلانہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،تخریب کاری کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کی عوام اور سیاسی رہنمائوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں،امیر مقام پر حملہ ایک بزدلانہ کارروائی ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔


