عالمگیر ترین کی منگیتر سے فون کال پر گفتگو کا ڈیٹا مل گیا، خودکشی سے قبل لکھا خط فارنزک تجزیے کیلئے بھجوا دیا گیا

لاہور(انتخاب نیوز) پولیس کو استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کے فون کال ڈیٹا میں ان کی منگیتر سے گفتگو کا ریکارڈ مل گیا۔ پولیس کے مطابق عالمگیر ترین کے فون کال ڈیٹا میں ان کی منگیتر سے گفتگو کا ریکارڈ مل گیا ہے جس کے بعد ان کی منگیتر سے ملاقات کی گئی ہے۔ ملاقات کے دوران خاتون نے پولیس کو بتایا کہ عالمگیر ترین سے اس روز شام 4 بجے فون پر بات ہوئی، عالمگیر ترین کے ساتھ کال پر روزمرہ کی باتیں ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فارنزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عالمگیر ترین اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے، پولیس اور اہل خانہ نے خودکشی قرار دیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا تھا کہ عالمگیر ترین نے دائیں کنپٹی پر ایک گولی چلائی، عالمگیر ترین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق عالمگیر ترین کی موت سر میں گولی لگنے سے ہوئی، گولی ان کے سر کے دائیں طرف لگی جس پستول سے گولی چلائی گئی جبکہ خودکشی سے پہلے لکھی عالمگیر ترین کی تحریر فارنزک تجزیے کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔ لاش کے قریب سے ملنے والی تحریر کے مطابق عالمگیر ترین نے خودکشی کی وجہ اپنی بیماری بتائی ہے۔ عالمگیر ترین نے لکھا تھا کہ وہ بیماری کی وجہ سے خودکشی کررہے ہیں، وہ اپنی زندگی سے پیار کرتے ہیں، 6 ماہ قبل تک ان کی زندگی اطمینان بخش تھی۔ عالمگیر نے لکھا کہ انہیں لاحق جلد کی بیماری سے ان کے چہرے کی جلد بہت خراب ہوگئی تھی، اس بیماری سے آنکھیں بھی خراب ہوگئیں اور ان کے لیے کچھ بھی پڑھنا ممکن نہیں رہا تھا، جلد کی بیماری کے علاج کیلئے انہیں طاقتور اسٹرائیڈز لینا پڑیں، اس کے باوجود انہیں کوئی فائدہ نہیں ہورہا تھا، کمر کے درد کے باعث انہیں سونے کیلئے نیند کی گولیاں کھانا پڑتی تھیں، انہوں نے بھرپور زندگی گزاری ہے اور اب وہ ڈاکٹروں کے چکر نہیں لگانا چاہتے۔ تحریر کے متن کے مطابق انہوں نے اپنے بھائی جہانگیر ترین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’جہانگیر ! میرے نوکر عالم کا خیال رکھنا، میرے ملازم نے ساری زندگی خدمت کی اس کو پولیس پر یشان نہ کرے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں