نواز شریف پاکستان آنے پر اڈیالہ جیل جائیں گے، لطیف کھوسہ

اسلام آباد (آن لائن) سینئر سیاست دان اور ماہر قانون لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ نوازشریف تشریف لائیں گے تو اڈیالہ جیل جائیں گے، ان کی نااہلی ایکٹ سے ختم نہیں ہوسکتی، آئین میں ترمیم کرنی پڑے گی۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی فکر تھی تو14مئی کوالیکشن کیوں نہیں کرایاگیا، سپریم کورٹ کی بھی توہین کی گئی ،آج تک الیکشن نہیں کرائے گئے۔ انکا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا 14 مئی کا فیصلہ اپنی جگہ موجودہے، الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست محفوظ کی گئی تواس سے فرق نہیں پڑتا، بات سیدھی ہے کہ حکومت کی جانب سے توہین عدالت کی گئی۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کےمطابق نااہلی تاحیات ہے، نااہلی مدت کے لیے 62 ون ایف میں آئینی ترمیم کرنی پڑے گی، سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ ہے نواز شریف پارٹی صدارت نہیں کرسکتے، نواز شریف آئیں گے تواڈیالہ جیل جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں موجودہ دورجمہوریت میں بدترین دورہوگا، موجودہ حکومت کا دور تاریخ میں بدترین دور کے طور پر یاد رکھا جائے گا، یہ لوگ کسی کے پیچھے نہیں چھپ سکتے،عوام سب جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے عدالتوں کی تضحیک کی ہے، ایک ہی پارٹی ہے، جو سب اقدامات کررہی ہے، جس کا نام ن لیگ ہے، ساری وزارتیں مسلم لیگ ن کے پاس ہیں، یہ ایک ہی پارٹی ہے، جس نے 10 کروڑ عوام کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا۔لطیف کھوسہ نے ایک سوال پرکہا ن لیگ کی نیت الیکشن کرانے کی نہیں جب تک بیلٹ پیپرپربلا موجود رہے گا یہ الیکشن سے خوف کھاتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں