بھارتی وزیر اعظم مودی کا دورہ ابوظبی، سرحد پار مقامی کرنسیوں میں لین دین کا معاہدہ
ابوظی (این این آئی) بھارت کے مرکزی بینک (ریزرو بینک آف انڈیا،آر بی آئی) نے متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک (سی بی یو اے ای) کے ساتھ سرحد پار مقامی کرنسیوں میں لین دین کو فروغ دینے اور ادائیگی اور پیغام رسانی کے نظام کومنسلک کرنے کے لیے دو سمجھوتے طے کئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس ضمن میں مفاہمت کی دو یادداشتوں پر ابوظبی میں آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس اور سی بی یو اے ای کے گورنر خالد محمد بلاما نے دست خط کیے ہیں۔اس موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان بھی موجود تھے۔آر بی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک سمجھوتے کے تحت مقامی کرنسیوں کے استعمال کے لیے ایک فریم ورک قائم کیا جائے گا۔ دوطرفہ تجارت میں بھارتی روپے اوراماراتی درہم کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مقامی کرنسی سیٹلمنٹ سسٹم (ایل سی ایس ایس) قائم کیا جائے گا۔مفاہمت کی اس یادداشت کے تحت تمام کرنٹ اکاﺅنٹ ترسیلات زر اور کیپیٹل اکاﺅنٹ ٹرانزیکشنز کا احاطہ کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اس نظام سے برآمد اور درآمد کنندگان کو اپنی متعلقہ مقامی کرنسی میں انوائس اور رقم اداکرنے میں مدد ملے گی ، جس کے نتیجے میں بھارتی روپے اور اماراتی درہم کی فارن ایکس چینج مارکیٹ کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔اس انتظام سے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور ترسیلاتِ زر کو بھی فروغ ملے گا۔ آر بی آئی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی کرنسیوں کے استعمال سے لین دین کی لاگت اور لین دین کے لیے تصفیے کے وقت کو بہتر بنایا جاسکے گا ، جس میں متحدہ عرب امارات میں رہنے والے بھارتیوں کی ترسیلات زر بھی شامل ہیں۔یہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون کا ایک بہت اہم پہلو ہے۔ اس سے اقتصادی تعاون میں اضافے کی راہ ہموار ہوگی اور بین الاقوامی مالیاتی رابطوں کو آسان بنایا جائے گا۔اس اقدام سے ڈالر میں رقم کے تبادلے کو ختم کرکے لین دین کے اخراجات کو کم کرنے کی ہندوستان کی کوششوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔آر بی آئی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مفاہمت کی دونوں یادداشتوں کا مقصد سرحد پار سے بلا تعطل لین دین اور ادائیگیوں کو آسان بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ادائیگی اور پیغام رسانی کے نظام سے متعلق مفاہمت نامے کے تحت دونوں ملکوں کے مرکزی بینک اپنے ادائی کے تیز رفتار نظام یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) کو متحدہ عرب امارات کے انسٹنٹ پیمنٹ پلیٹ فارم (آئی پی پی) سے منسلک کردیں گے۔یہ روپے کو یو اے ای ایس ڈبلیو ایچ کے ساتھ بھی منسلک کرے گا۔اس سے سرحد پار فنڈز کی ہموار منتقلی میں مدد ملے گی اور بالآخر دوسرے ملک میں گھریلو کارڈوں کی قبولیت کی اجازت ملے گی۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی فرانس کے باسٹل ڈے کی تقریبات کے موقع پر پیرس کے سرکاری دورے کے بعد ہفتہ کو ابوظبی پہنچے تھے جہاں وہ مہمان خصوصی تھے اور انھوں نے یواے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی تھی۔بعد میں ایک ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ ”شیخ محمد بن زید آل نہیان سے مل کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔ ترقی کے لیے ان کی توانائی اور ویڑن قابل ستائش ہے۔ ہم نے ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں سمیت بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوﺅں پرتبادلہ خیال کیا ہے“۔


