امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندر کی سطح کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ
فلوریڈا (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندر کی سطح کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے جو ممکنہ طور پر ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ فلوریڈا کے ساحلی حصے Manatee Bay میں سمندری سطح کا درجہ حرارت 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ یعنی اس جگہ سمندر کا پانی ایک ہاٹ ٹب جتنا گرم ہوگیا جس کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 24 جولائی کی شام 5 سے 8 بجے کے دوران سمندری سطح کا درجہ حرارت 37.8 سے 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ درحقیقت سمندر کی ڈیڑھ میٹر گہرائی میں بھی درجہ حرارت لگ بھگ یہی تھا۔ سمندر کے سب سے زیادہ درجہ حرارت کا کوئی رسمی ریکارڈ تو موجود نہیں مگر اس سے پہلے 2020ءمیں کویت کے قریب خلیج فارس میں 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا، جسے اب تک سب سے زیادہ تصور کیا جاتا تھا۔ اگر فلوریڈا کے ساحلی حصے کے سمندری پانی کے درجہ حرارت کی تصدیق ہوتی ہے، تو یہ دنیا میں کسی علاقے کی سمندری سطح کا سب سے زیادہ درجہ حرارت قرار پائے گا۔


