بھارت، ریلوے پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے سینئر سمیت 4 افراد کو قتل کردیا

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں جے پور سے ممبئی جانے والی ٹرین میں ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کے اہلکار نے فائرنگ کر کے اپنے سینئر سمیت 4 افراد کو ہلاک کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آر پی ایف اہلکار نے چلتی ٹرین میں فائرنگ کر کے چاروں افراد کو ہلاک کیا۔ 33 سالہ کانسٹیبل چیتن سنگھ نے پہلے اپنے 57 سالہ سینیئر اے ایس آئی ٹیکا رام مینا کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا، اس کے بعد چیتن کمارنے دوسرے کمپارٹمنٹ میں جا کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین شہری ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والے دو افراد کی شناخت 64 سالہ عبدالقادر اور 48سالہ اصغر عباس علی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والا ایک نامعلوم شخص ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے واقعے کے محرکات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دیں ہیں۔ 33 سالہ چیتن سنگھ، جو 12 سال سے زیادہ عرصے سے آر پی ایف کے ساتھ کام کر رہا ہے ، لوئر پریل ورکشاپ میں تعینات تھا۔ وہ 12 دن کی چھٹی پر تھا اور 18 جولائی کو اتر پردیش میں اپنے آبائی شہر ہاتھرس سے واپس آیا تھا جس کے بعد اسے اسکارٹ ڈیوٹی پر لگا دیا گیا تھا۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ واقعے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل چیتن سنگھ نے کنٹرول روم میں اے ایس آئی ٹیکا رام مینا کو فون کرکے بے چینی کی شکایت کی تھی جس کے بعد اس کا متبادل آنا تھا لیکن پھر چند منٹ بعد سنگھ نے مینا کو بتایا کہ وہ بہتر محسوس کر رہا ہیں اور کام جاری رکھ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں