بلوچستان،این ایف سی کے تحت ملنے والے وفاقی محاصل سے 29ارب92 کروڑ روپے کم کردئیے گئے

کوئٹہ:وفاقی حکومت نے بلوچستان کے وسائل پر کٹ لگا دی،این ایف سی کے تحت ملنے والی وفاقی محاصل سے 29ارب92 کروڑ روپے کم کردئیے ہیں،بلوچستان سے کسٹم ڈیوٹیز،سیلز ٹیکس اینڈسروسز پر جی ایس ٹی کی مد اور ٹیکس انکم کی مد میں فنڈز پر کٹ لگادی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا کے باعث وفاقی محاصل میں کمی سے آئندہ مالی سال کیلئے بلوچستان کے وسائل میں کمی کردی گئی ہے،وفاقی حکومت کے بجٹ دستاویزات کے مطابق یہ کمی معمولی نہیں بلکہ بہت زیادہ ہے دستاویزات کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کے تحت رواں مالی سال کے دوران بلوچستان کو قابل تقسیم وفاقی محاصل سے 295ارب 21کروڑ روپے ملے تھے لیکن آئندہ مالی سال برائے 2020-21ء کیلئے صرف265ارب روپے ملیں گے جوکہ رواں مالی سال کے مقابلے میں 29ارب92کروڑ روپے کم ہوں گے،بجٹ دستاویزات کے مطابق جن مدات میں رواں مالی سال کے مقابلے میں وسائل کم ملیں گے ان میں کسٹم ڈیوٹیز کی مد میں 17ارب 99کروڑسیلزٹیکس اور سروسز پر جی ایس ٹی کی مد میں 9ارب47کروڑ روپے جبکہ ٹیکس انکم کی مد میں یہ کمی ایک ارب 83کروڑ روپے سے زیادہ کی ہے،دوسری جانب ماہرین کے مطابق وفاق سے کم فنڈز ملنے کے باعث بلوچستان کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوگاجبکہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی نے این ایف سی ایوارڈ میں کمی کو افسوسناک قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ پہلا اقدام نہیں ہے شروع دن سے پاکستان بناہے چھوٹے صوبوں کے حقوق غضب کئے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں