نئی مردم شماری کے تحت ہی الیکشن میں جانا ہے، انتخابات میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں نئی مردم شماری کے تحت ہی الیکشن میں جانا ہے، جب نئی مردم شماری ہوئی ہے تو انتخابات اسی کے تحت ہونے چاہئیں اور الیکشن میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں نئی مردم شماری کے تحت ہی الیکشن میں جانا ہے، اس کے لیے جونہی نتائج مکمل ہوتے ہیں تو ہم اس کو مشترکہ مفادات کونسل کے پاس لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہے لیکن انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی صوابدید ہے، لیکن جب نئی مردم شماری ہوئی ہے تو انتخابات اسی کے تحت ہونے چاہئیں۔ نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جلد تشریف لائیں گے، وہ پاکستان کے باوقار شہری اور تین مرتبہ کے وزیراعظم ہیں، ان کو سازش کے ذریعے نااہل کیا گیا اور ثاقب نثار اس کے سرغنہ ہیں، اگر مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحاد کو مینڈیٹ دیا تو میرے، پارٹی اور عوام کے امیدوار نواز شریف ہوں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے دو تین ماہ کے دوران پیٹرول کی قیمتیں بہت حد تک کم کی گئیں اور ایک دو مرتبہ بڑھائی بھی گئیں، یہ میرے اور آپ کے کنٹرول میں نہیں ہے، ہمارا دار مدار عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت پر ہے اور اگر خدانخواستہ قیمتیں بڑھتی ہیں تو ہمیں بڑھانی پڑھتی ہیں اور اگر عالمی منڈیوں میں قیمتیں گرتی ہیں تو ہم اس کا فائدہ صارفین کو منتقل کرتے ہیں۔


