چین میں سیلاب کے باعث مرنیوالوں کی تعداد 30 ہوگئی، متعدد لاپتہ

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) بیجنگ کے قریب واقع شہر باو¿ڈنگ میں سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد شمالی چین میں حالیہ طوفانی بارشوں سے مرنے والوں کی تعداد کم از کم 30 ہو گئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکام نے بیجنگ سے تقریباً 150 کلومیٹر دور واقع شہر باو¿ڈنگ میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب کے نتیجے میں 18 افراد لاپتا بھی ہو گئے۔ گزشتہ جمعہ کو چین سے ٹکرانے والے طوفان ڈوکسوری کے نتیجے میں چین میں 140 سال کی بدترین بارشوں ریکارڈ ٹوٹ گیا اور کئی علاقے زیر آب آ گئے۔ حکام نے بتایا کہ ہفتہ کی دوپہر تک باو¿ڈنگ کے ایک کروڑ 15 لاکھ باشندوں میں سے 6 لاکھ سے زائد کو ان خطرات کا حامل سمجھے جانے والے علاقوں سے نکالا جا چکا ہے، ہفتے کے روز شمال مشرقی چین میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے روس اور شمالی کوریا کی سرحد سے متصل صوبوں کو بھی متاثر کیا۔ بیجنگ میں خراب موسم سے منسلک لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ شدید بارش کے بعد صفائی کا عمل جاری ہے جہاں ان بارشوں سے انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا اور تمام اضلاع میں سیلاب آ گیا۔ ریکارڈ توڑ گرمی کی لہروں سے لے کر شدید سیلاب تک چین حالیہ مہینوں میں شدید موسم کی وجہ سے شدید متاثر ہوا ہے۔ چین نے جمعہ کو کہا تھا کہ دارالحکومت بیجنگ میں ریکارڈ بارشوں کے بعد گزشتہ ماہ قدرتی آفات کی وجہ سے 147 افراد ہلاک یا لاپتا ہو گئے تھے۔ چین کی ایمرجنسی مینجمنٹ کی وزارت نے کہا کہ جولائی میں مرنے یا لاپتا ہونے والوں میں سے 142 افراد سیلاب یا زمینی آفات کا شکار ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں