خان تیرے جانثار ،بے شمار بے شمار اٹک جیل میں قیدیوں کے نعرے
اٹک (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے تاحیات چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کے اٹک جیل میں قید ہوتے ہی قیدیوں نے بھی خود میں سیاسی شعور بیدار ہونے کا ثبوت دینا شروع کر دیا ‘ اٹک جیل ”خان تیرے جانثار بے شمار بے شمار ‘ عمران خان زندہ باد“ کے نعروں سے گونج اٹھی ‘ جیل انتظامیہ بھی قیدیوں کی نعرے بازی سے عاجز آ گئی ‘ اٹک جیل کے قیدیوں کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سمیت دیگر جیلوں میں منتقل کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال کی قید کی سزا کاٹنے کیلئے لاہور زمان پارک سے گرفتار کر کے پولیس نے اٹک جیل میں قید تو کر دیا مگر اب جیل انتظامیہ کو عمران خان کی عوام کے بعد وکلاءاور اس کے بعد قیدیوں میں پذیرائی ہضم نہیں کر سکی۔ اٹک جیل میں مقید تحریک انصاف کے تاحیات چیئرمین عمران خان کو قیدیوں نے حوصلہ دینے کیلئے جیل میں ان کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی ہے۔ صبح سے لے کر رات گئے تک اٹک جیل میں ”خان تیرے جانثار بے شمار بے شمار ‘ عمران خان زندہ باد“ کے نعروں سے گونجتے رہتے ہیں جس سے جیل انتظامیہ عاجز آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جیل انتظامیہ نے اعلیٰ حکام کو جیل کی صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے جس کے اٹک جیل کے قیدیوں کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سمیت دیگر جیلوں میں بھجوانے کیلئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق قیدیوں کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے انسانی حقوق سے متعلق آگاہی نہیں تھی مگر عمران خان نے جب سے شعور دیا ہے تو کوئی بھی ذی شعور اب امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے ۔ عمران خان کا تمام پاکستانیوں پر بہت بڑا احسان ہے جس کے بدلے میں ہم عمران خان کے جذبہ کو توانا اور جوان رکھنے کیلئے جیل میں ان کے نعرے بلند کرتے رہیں گے۔


