قرآن کی بے حرمتی، ایران نے سویڈش اور ڈینش ناظم الامور کو طلب کرلیا
تہران (این این آئی) ایران کی وزارت خارجہ نے سویڈش اور ڈنمارک کے چارج ڈی افیئرز کو تہران میں طلب کر کے دونوں ملکوں میں قرآن مجید کے نسخوں کو نذر آتش کرنے اور بے حرمتی کرنے پر احتجاج کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈنمارک اور سویڈن میں اسلام مخالف افراد نے حالیہ مہینوں میں مسلمانوں کی مقدس کتاب کے متعدد نسخوں کو ۔ معاذ اللہ ۔ نذر آتش کیا یا نقصان پہنچایا ہے۔ قرآن کریم کی اس بے حرمتی پر مسلم دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور نورڈک حکومتوں سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ ایسی کارروائیوں پر پابندی لگائی جائے۔ دونوں ممالک کی حکومتوں نے ان اقدامات کی مذمت کی اور کہا ہے کہ وہ ایسے نئے قوانین پر غور کر رہے ہیں جن کا مقصد ایسی کارروائیوں کو روکنا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے انسانی حقوق کے شعبے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران قرآن پاک کی بے حرمتی کی مکمل ذمہ داری اور سنگین نتائج سویڈش اور ڈنمارک کی حکومتوں پر عائد کرتا ہے۔


