بیرون ملک سے پاکستان کو 2ارب 89کروڑ ڈالر موصول
کراچی(این این آئی)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ساتھ قرض کا نیا معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان کو ملنے والے بیرونی فنڈز میں نمایاں تیزی آگئی ہے۔بیرونی مالی معاونت سے متعلق ماہانہ رپورٹ کے مطابق صرف جولائی کے مہینے میں بیرون ملک سے دو ارب 89کروڑ ڈالر کا قرضہ اور امداد ملی، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے دو ارب 70کروڑ ڈالر زیادہ ہے۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق جولائی میں 2ارب 87کروڑ 61لاکھ ڈالر کا بیرونی قرض حاصل ہوا، اس دوران بیرونی گرانٹ کی مد میں ایک کروڑ 44لاکھ 20ہزار ڈالر کی امداد ملی۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس جمع کرائے، سعودی عرب سے تیل کی سہولت کی مد میں 10کروڑ ڈالر ملے جبکہ پاکستان کو مختلف عالمی اداروں سے 19کروڑ 36 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔مختلف ممالک کی جانب سے مجموعی طور پر11کروڑ 38لاکھ ڈالر سے زائد قرضہ ملا، آئی ایم ایف نے 1.2ارب ڈالر، یو اے ای نے1ارب ڈالر فراہم کیے، آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے کے بعد پاکستان کو اب تک 5ارب ڈالر سے زائد مل چکے ہیں جس میں بجٹ سپورٹ کی مد میں ملنے والے 2.9ارب ڈالر شامل ہیں۔اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کو 17ارب 61کروڑ ڈالر سے زائد کا بیرونی قرضہ و امداد ملنے کا امکان ہے۔


