نابلس ، کام کے دوران 2 فلسطینی مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق
نابلس (صباح نیوز)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں رفیدیا کے مقام پر کام کے دوران ملبہ گرنے سے دب کر 2فلسطینی مزدور جاں بحق ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مزدور ایک سڑک کی تعمیر کے لیے کھدائی کررہے تھے ،حادثے میں 36 سالہ سعید ہانی ونی اور 32 سالہ حمد غسان ہندوم وفات پا گئے۔ملبے سے نکال کر دونوں کارکنوں کو ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ چکے تھے۔نابلس گورنری کے ڈائریکٹر ورکس غسان دغلس نے ملبہ گرنے کے حادثے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔ یہ کمیٹی اس حادثے میں دو مزدوروں کی موت کی وجہ کی تحقیقات کریگی۔ اس جگہ پر سڑک کا کام شروع ہوئے صرف تین دن گزرے تھے۔تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی میں پولیس فورس کے بریگیڈیئر جنرل سامر ابو عودہ، سول ڈیفنس سے لیفٹیننٹ کرنل انجینیر فراس قوقاس، گورنری میں پبلک ورکس کے ڈائریکٹر انجینئر عمار واصف یا ان کے نمائندے، نابلس میں لوکل گورنمنٹ کے ڈائریکٹر رائد مقبل اورنابلس میں لیبر ڈائریکٹوریٹ کی ڈائریکٹر اسما حنون شامل ہیں۔


