برطانیہ کا روسی نجی ملیشیا گروپ ویگنر کو کالعدم قرار دیکر پابندی کافیصلہ

لندن (آئی این پی) برطانیہ نے روسی نجی ملیشیا ویگنر گروپ کو کالعدم تنظیم قرار دے کر پابندی کا فیصلہ کرلیا، پابندی کے بعد ویگنر گروپ میں شمولیت یا کسی بھی طرح اس کی معاونت ایک جرم قرار پائے گا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی پارلیمنٹ میں ویگنر گروپ پر پابندی سے متعلق ایک ڈرافٹ پیش کیا جائے گا جس کی منظوری کے بعد روسی نجی ملیشیا کو کالعدم تنظیم قرار دیکر اس کے اثاثوں کو منجمد کردیا جائے گا۔ اس حوالے سے برطانوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ویگنر گروپ نہ صرف شدت پسند اور تباہی پھیلانے والا گروہ ہے بلکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کیلئے ایک عسکری ہتھیار ہے، جس کے یوکرین اور افریقا میں کیے گئے کام عالمی سیکورٹی کیلئے خطرہ ہیں۔ وزیر خارجہ سویلا برویرمین نے کہا کہ ویگنر گروپ مسلسل عدم استحکام پھیلا رہا ہے اور یہ کام صرف روسی سیاسی مفادات کے حصول کیلئے کیا جاتا ہے۔ یہ تخریب کار ہیں اور برطانیہ کا قانون اس معاملے میں بہت واضح ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کے ٹیررازم ایکٹ 2000ء کے تحت وزیر داخلہ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اگر وہ کسی تنظیم یا گروہ کے بارے میں سمجھتے ہیں کہ وہ تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہیں تو انہیں کالعدم قرار دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں