سابق آرمی چیف سمیت اداروں کے سربراہان پاکستانی عوام کے مجرم ہیں، نواز شریف
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمرباجوہ، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید، ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ اور عظمت سعید پاکستان اور 22 کروڑ عوام کے مجرم ہیں۔ لندن میں نواز شریف اور شہباز شریف نے پارٹی رہنماو¿ں سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار اور مریم نوازبھی موجود تھیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھاکہ 2017ءکے ہنستے بستے پاکستان کو سازش کے تحت بربادی کے دہانے پرلاکھڑا کیا گیا، کھلنڈروں کے ٹولے کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سازش میں شامل تمام کرداروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جائے گا پاکستان آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمرباجوہ، فیض حمید، ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ اور عظمت سعید پاکستان اور22 کروڑعوام کے مجرم ہیں۔


