بھارت،ٹرین کے پٹری سے اترنے پر متعدد افراد ہلاک

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)متاثرہ ٹرین دہلی سے بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کی طرف جا رہی تھی اور راستے میں پٹری سے اتر گئی۔ پٹری سے اترنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔بھارت میں جمعرات کے روز حکام نے بتایا کہ نارتھ ایسٹ ایکسپریس ٹرین کے حادثے میں ابتدائی طور پر چار افراد کے ہلاک اور 80 کے قریب زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ریاست بہار میں ایک اہلکار نے بتایا کہ ٹرین کا حادثہ گزشتہ رات کو بکسر کے آس پاس رگھوناتھ پور اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں 80 کے قریب لوگ زخمی میں بھی ہوئے، جن میں بعض کو سنگین نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ ایسٹ سینٹرل ریلوے کے جنرل مینیجر ترون پرکاش نے بھارتی میڈیا سے بات چیت میں کہا ”چار ہلاکتوں کی تصدیق ہو گئی ہے اور امدادی کارروائی جاری ہے۔ مجموعی طور پر ٹرین کی 21 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔نارتھ ایسٹ ایکسپریس نامی یہ ٹرین دہلی کے آنند وہار سے نکلی تھی اور بہار ہوتے ہوئے ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی کے پاس کامکھیا جا رہی تھی۔مرکزی وزیر ریل اشونی کمار چوبے نے واقعہ کے بارے میں بھارتی میڈیا سے بات چت میں کہا کہ قومی اور ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ زخمیوں کو پٹنہ کے ہسپتال میں بھرتی کے لیے پہنچایا جا رہا ہے۔ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے ہلاکتوں پر اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ پٹری سے اترنے کی وجہ تلاش کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ انخلاء اور بچاؤ آپریشن ”مکمل” ہو چکا ہے اور مسافروں کو ان کے آگے کے سفر کے لیے ایک مختلف ٹرین میں منتقل کر دیا گیا۔بھارت کے پاس دنیا کے سب سے بڑے ریلوے نیٹ ورکس میں سے ایک ہے، تاہم گزشتہ کئی سالوں کے دوران اس نے کئی حادثات بھی دیکھے ہیں۔گزشتہ جون میں بھارت نے دو دہائیوں کے اپنے بدترین ٹرین حادثے کا اس وقت مشاہدہ کیا جب اوڈیشہ میں تین ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 288 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں