ہونڈوراس نے بھی اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا، لاطینی امریکا کے 4 ممالک نے تعلقات منقطع کردیے
لندن(صباح نیوز)ہندوراس نے غزہ میں نسل کشی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے اپنے سفیر کو بات چیت کے لیے واپس بلا لیا ہے۔وسطی امریکی ملک کے وزیرِ خارجہ ایڈوارڈو اینریک ریئنا نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ فلسطینی شہریوں کو غزہ کی پٹی پر جس سنگین صورتحال کا سامنا ہے اس کی روشنی میں ہندوراس کے صدر نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو فوری واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ہندوراس سے قبل منگل کو بولیویا کی حکومت نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اسرائیل پر غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔۔ہندوراس کے وزیرِ خارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیل سے سفیر بلانے کا فیصلہ غزہ میں انسانی المیے کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کروانے کے لیے کیا گیا ہے۔تاہم ہندوراس نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کرنا کا فیصلہ نہیں کیا ہے اور سفیر کے علاوہ باقی سفارتی عملہ اسرائیل میں ہی رہے گا۔واضح رہے کہ بولیویا، کولمبیا اور چلی کے بعد ہونڈوراس چوتھا لاطینی امریکی ملک ہے جس نے غزہ پر اسرائیل کی بمباری کے ردعمل میں یہ اقدام اٹھایا ہے۔


