الیکشن کیلئے تیار ہیں،نوازشریف 8 فروری کا الیکشن لڑکر چوتھی باروزیراعظم بنیں گے، مریم اورنگزیب
لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف 8 فروری کا الیکشن لڑ کر چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔سیاسی مخالفین لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں، فیلڈ میں الیکشن کی تیاری کریں،11 نومبر کو فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ایجنڈا رکھا گیا ہے،ماڈل ٹاون لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف آج ن لیگ کے سیکرٹریٹ میں 4سال بعد تشریف لائے اور پارٹی کے سینئر رہنماوں سے ملاقات کی۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ21اکتوبرکوپورے پاکستان نے نوازشریف کا استقبال کیا، اس روز سڑکوں پر جگہ ختم ہوگئی تھی، مخالفین نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہے، قائد ن لیگ نے ہر بار پاکستان کے عوام کی خدمت کی، اب بھی عوام نوازشریف اور مسلم لیگ ن کے ساتھ امید لگاکر بیٹھی ہے۔ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم نوازشریف کی قیادت میں الیکشن کیلئے تیار ہیں، ہم پاکستان سے مہنگائی ختم کرنے ، کسان کو سستی کھاد اور بجلی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، مسلم لیگ ن وہ واحد جماعت ہے جو الیکشن کیلئے تیار ہے، جس نے اپنا الیکشن سیل بنادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی منشور کمیٹی نے اپنا کام شروع کردیا ہے اور تمام صوبوں کے پارلیمانی بورڈ ترتیب دے دیئے گئے ہیں، نوازشریف 8فروری کا الیکشن لڑیں گے، پاکستان کے عوام کو موقع دیں ،آر ٹی ایس نہ بیٹھے، عوام یہ فیصلہ کرے کہ کس کو وزیراعظم بنانا ہے تو عوام کا انتخاب 3بار کے وزیراعظم نوازشریف ہی ہوں گے۔لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن میرے بھائی کہہ رہے تھے کہ پیپلز پارٹی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی، ساری جماعتوں کو مشورہ ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں، فیلڈ میں الیکشن کی تیاری کریں، پاکستان کے عوام کی فیلڈ 21اکتوبر کو پورے ملک نے دیکھی، سیاسی قوتوں کو یہ بات معلوم ہوچکی ہے عوام نے نوازشریف کے حق میں فیلڈ کا اعلان کردیا ہے۔لیول پلیئنگ فیلڈ 21 اکتوبر کو پورے پاکستان نے دیکھ لی ہے اور21 اکتوبر کے بعد پاکستان کے عوام نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کے حق میں فیلڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ مخالفین کا لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ابھی سے رونا ان کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مخالفین ایک طرف لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا روتے ہیں اور دوسری طرف کلین سوئپ کا کہتے ہیں، 21 اکتوبر سے ہماری انتخابی مہم کا آغاز ہو چکا ہے اور عوام نے 21 اکتوبر کو اپنے ووٹ اور سپورٹ کا فیصلہ سنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ21 اکتوبر کو نوازشریف نے تقریر میں کہا کہ ذاتی مظالم کو بھلا کر ملک کی خاطر واپس آیا ہوں، موجودہ مسائل کے خاتمے کیلئے سب کو اکٹھا ہونا پڑے گا، نوازشریف کے دور میں عوام کو 5 روپے کی روٹی ملتی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا منشور پاکستان کے عوام کے مسائل سے جڑا ہے، ہم نے عوام کو ریلیف دیا تھا اور ایک بارپھر دیں گے۔مریم اورنگزیب کامزید کہناتھا کہ 16ماہ میں پاکستان کو شہبازشریف کی قیادت نے ڈیفالٹ سے بچایا، شہبازشریف نے16ماہ اتحادی، مثالی اتحادی حکومت چلائی ہے، مولانا فضل الرحمان،آصف زرداری صاحب نے عوام کیلئے بہت خدمت کی ہے، مولانا فضل الرحمان نے مشکل وقت میں پی ڈی ایم کی سربراہی کی ، سب نے عوام کی خدمت کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے،لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے شاندار استقبال پر پورے پاکستان کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو پانامہ کا شور مچا کر منصب سے ہٹایا گیا ، انہیں منصب سے ہٹانے کی تصحیح ملک کیلئے بہتر ہے، عوام کو موقع دیں، انہیں فیصلہ کرنے دیں کہ وزیراعظم کسے بنانا ہے، نوازشریف چوتھی باربھی وزیراعظم بنیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف نے مثالی اتحادی حکومت چلائی، اتحاد میں شامل جماعتوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں، فلسطین میں ظلم اور گناہ ہو رہا ہے، بچوں اور خواتین کو شہید کیا جا رہا ہے، 11 نومبر کو فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ایجنڈا رکھا گیا ہے۔


