بلوچستان حکومت کا صوبے میں منرل ڈویلپمنٹ بنک قائم کرنے کا فیصلہ
کوئٹہ ( این این آئی) بلوچستان حکومت نے صوبے میں منرل ڈویلپمنٹ بنک قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے ذریعے صوبے کے مائنز اونر وں کو جدید مشینری کی خریدی کیلئے آسان شرائط پر قرضے دئیے جائیں گے، حکومت نے سیندھک کے قریب پانچ گاوں کو ماڈل ویلجز بنانے پر بھی کام شروع کردیا ۔ یہ بات سیکرٹری معدنیات بلوچستان ڈاکٹر عتیق شاہوانی نے سرکٹ ہاﺅس چاغی میں کھلی کچہری سے خطاب کر تے ہوئے کہی، سیکرٹری معدنیات بلوچستان ڈاکٹر عتیق شاہوانی نے کہا کہ کمیونٹی فنڈ سی ایس آر کے تحت سیندھک کے قریب پانچ گاوں کو ماڈل ویلجز بنانے پر بھی کام شروع کردیا جہاں زندگی کی تمام بنیادی سہولیات دی جائیں گے ۔ڈاکٹر عتیق شاہوانی نے کہا کہ چاغی کے نوجوانوں کو مائننگ کی تربیت دی جائے گی تاکہ 2028 میں جب ریکوڈک فعال ہوجائے گی تو ان نوجوانوں کو ریکوڈک میں ملازمتوں کے مواقع مل سکیں گے ، چاغی کے وہ طالب علم جو اندورن ملک مختلف اسکولز ،کالجز اور یونیورسٹیز میں زیر تعلیم ہیں انہیں اسکالرشپ دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ چاغی میں کام کرنے والی کمپنیوں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ پروجیکٹس میں مقامی افراد کو ترجہی دی جائے گی ۔


