انتخابات 8 فروری کو ہی ہوںگے اس پر کوئی دو رائے نہیں، مرتضی سولنگی
کراچی(صباح نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے اس پر کوئی دورائے نہیں، مولانا فضل الرحمان اس سے پہلے سردی کی بات کرتے تھے، دسمبر میں بھی انتخابات ہوئے ہیں اور فروری سے زیادہ سردی دسمبر میں ہوتی ہے، (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی شکایت کرتی ہے کہ ہمیں لیول پلئینگ فیلڈ نہیں مل رہی، اگر کوئی جائز شکایت ہے تو میڈیا، عدالت اور الیکشن کمیشن فورمز ہیں،کئی دفعہ آپ مظلوم نہیں ہوتے لیکن مظلومیت کا اظہار کرتے ہیں، جائز، نا جائز باتیں سیاست کا حصہ ہیں۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے اپنے ایک بیان اورصوبائی وزیر اطلاعات ،اقلیتی امور سماجی تحفظ، صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کے مسائل ہیں، ملک میں اس سے زیادہ خراب صورت حال رہی ہے لیکن الیکشن ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اس سے پہلے سردی کی بات کرتے تھے، دسمبر میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، فروری سے زیادہ سردی دسمبر میں ہوتی ہے۔نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کے قریب خود کو مظلوم ثابت کرنا ہر سیاسی جماعت کی مجبوری بن جاتی ہے، ن لیگ شکایت کرتی ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بھی شکایت کرتی ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، اگر کوئی جائز شکایت ہے تو میڈیا، عدالت اور الیکشن کمیشن فورمز ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بنیادیں تب تک ٹھیک نہیں ہوں گی جب تک مسائل حل نہیں ہوں گے، معیشت ایک دن میں خراب نہیں ہوئی، ٹھیک بھی ایک دن میں نہیں ہو گی۔مرتضی سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ فواد حسن فواد کی بریفنگ دیکھ لیں معاملات تیزی سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں، نجکاری فہرست وہی ہے جو گزشتہ حکومت ہمیں دے کر گئی ہے۔ادھر کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ کئی دفعہ آپ مظلوم ہوتے نہیں ہیں لیکن اظہار کرتے ہیں، سیاست کے اندر جائز ناجائز باتیں سیاست کا حصہ ہے، بہت سے لوگوں کو شکایت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی عوام کا حق ہے کہ وہ اپنا نمائندہ منتخب کریں، یہ فیصلہ کرنا منتخب پارلیمان کا کام ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حالات خراب نہ ہو ، اس میں کسی قسم کا کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ کسی عدالت یا نگران حکومت، میں نے یا احمد شاہ نے الیکشن نہیں کرانے، ہم صرف سہولت کاری کر رہے ہیں، اعتماد نہ ہونا اعتماد نہ ہونے کا اظہار کرنا دو الگ باتیں ہیں۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم کوشش کریں گی صوبائی وفاقی حکومتوں کے درمیان رابطوں کا فقدان نہ ہو، دیگر صوبائی وزرا کے ساتھ ملکر حکمت عملی بنائیں گے، 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، اس میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات احمد شاہ نے کہا میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی صاحب کو خوش آمدیدی کہتا ہوں، وفاقی وزیر اور میں پرانے دوست ہیں، مرتضی سولنگی بہت ایکٹیو صحافی تھے، انہوں نے حکومت کے پیسوں کے بغیر ریڈیو پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کیا۔ احمد شاہ نے کہا کہ میرا اور مرتضی سولنگی کا تعلق انٹلیکچول بنیاد پر ہے میں انہیں حکومت سندھ کی جانب سے خوش آمدیدی کہتا ہوں۔


