شہبازشریف، حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر مل ریفرنس پر سماعت 12 مارچ تک ملتوی

لاہور(صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ(ن)شہباز شریف اور ان کے بیٹے و سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس پر سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی۔ رمضان شوگر ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کے جج علی ذوالقرنین اعوان نے سماعت کی، عدالت نے لیگی رہنما حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی، عدالت نے حمزہ شہباز کی مستقل حاضری کی درخواست پر دلائل طلب کرلئے ۔عدالت میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین ایڈووکیٹ نے حاضری مکمل کروائی، احتساب عدالت نے سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر گندا نالا قومی خزانے سے تعمیر کروانے کا الزام ہے، نیب لاہور نے ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کررکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں