خیبر پختونخوا میں کئی علاقے زیر آب آگئے، چھتیں گرنے سے متعدد افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں بارش کی وجہ سے چھتیں گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ آج چترال میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے ، دیر بالا میں دفاتر بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیاہے۔لوئردیر میں بارش سے رات گئے لینڈسلائیڈنگ واقع ہوئی ۔ تودہ مکان پر گرنے سے تین افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا، لاشوں اور زخمی کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق مختلف اضلاع میں چھتیں گرنے کے باعث 7 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔ ڈی جی رسیکیو 1122 کا مزید کہنا تھا کہ چھتیں گرنے سے متعدد مویشی بھی ہلاک ہو گئے ہیں، چھتیں گرنے کے واقعات پشاور، لوئر دیر اور باجوڑ میں پیش آئے ہیں۔غذر میں بارش اور برف باری سے بالائی علاقوں کا زمینی رابط منقطع ہوگیا ہے جبکہ گلگت چترال بین الصوبائی شاہراہِ بھی ایک ہفتے سے بند ہے.آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور شدید برفباری جاری ہے۔ضلع جہلم ویلی میں بارش اورفباری کے باعث تعلیمی اداروں میں آج دو مارچ کو تعطیل کردی گئی۔دیہی رابطہ سڑکیں بند ہونے کے باعث نظام زندگی معطل ہوگیا، ریشیاں لیپہ روڈ بند،وادی لیپہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، برفباری سےمتاثرہ علاقوں میں سخت سردی کا راج ہے۔چترال میں بارش اور برفباری کی وجہ سے کل بروز ہفتہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ شدید بارش اور برفباری کے باعث ہفتے کو دیربالا کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔شدید برفباری کے باعث لواری ٹنل اپروچ سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔انتظامیہ نے آج رات مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں