لبنان میں اسرائیل کا حملہ، حزب اللہ کے دو کمانڈرز ہلاک

بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان میں اسرائیل کے ایک کار پر حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے جن کی شناخت حزب اللہ کے کمانڈرز کے طور پر ہوئی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کے ترجمان نے اپنے دو کمانڈرز کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمانڈرز کی ہلاکتوں پر سوگ منایا گیا۔ تاہم حزب اللہ نے اپنے کمانڈرز کی شناخت ظاہر نہیں کی جبکہ اسرائیل کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ لبنان کے ایک سیکیورٹی ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ اتوار کے روز مشرقی لبنان میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شامی شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔ بعد ازاں زخمی شخص بھی دوران علاج چل بسا۔ ممکنہ طور پر یہ دونوں ہی حزب اللہ کے کمانڈرز تھے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ یہ کار ایک سپر مارٹ کے مالک کی ہے اور اسے شامی ڈرائیور چلا رہا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں