کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن پر شگاف، پٹڑی سے اتری مال گاڑی کا انجن اٹھانے میں مشکلات
کوئٹہ (این این آئی) تفتان کے قریب پٹڑی سے اتری مال گاڑی کے انجن کوتاحال اٹھایا نہیں جاسکا، ریلوے حکام کی جانب سے ریلیف ٹرین کے بجائے بھیجے گئے ریلیف ٹرک سے پٹڑی سے اترے انجن کو اٹھانے میں مشکلات درپیش، سیندک سے کرین منگوانی پڑگئی۔ بارشوں کے باعث کوئٹہ، تفتان سیکشن پر پڑے شگاف بھی پر نہیں کیے جاسکے۔ ریلوے حکام کے مطابق تفتان کے قریب توزگی کے مقام پر چار روز قبل پٹڑی سے اتری مال گاڑی کے انجن کو تاحال اٹھایا نہیں جاسکا۔ ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ مال گاڑی کی تین بوگیاں اٹھالی گئیں جبکہ انجن کو اٹھانے کا کام جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ بارشوں کے باعث کوئٹہ، تفتان سیکشن پر پڑے شگاف پر نہیں ہوسکے ہیں، جس کی وجہ سے کوئٹہ سے ریلیف ٹرین توزگی روانہ نہیں ہوسکی، ریلیف ٹرین کے بجائے بھیجے گئے ریلیف ٹرک سے پٹڑی سے اترے انجن کو اٹھانے میں مشکلات درپیش ہیں۔ ریلوے انتظامیہ نے پٹڑی سے اتر کر ریت میں دھنس جانے والے انجن کو اٹھانے کیلئے سیندک پروجیکٹ سے کرین طلب کرلی ہے، سلفر سے لدی ٹرین کے انجن اور بوگیوں کے اترنے اور کوئٹہ تفتان سیکشن پر شگاف پڑنے کے باعث مال گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔


