موجودہ حکومت کیساتھ مذاکرات کرنے والا منہ کالا کریگا، شیخ رشید
اسلام آباد(صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کیساتھ مذاکرات کرنے والا منہ کالا کرے گا، اصل مذاکرات فوج کیساتھ کئے جائیں اور کوئی درمیانی راستہ نکالاجائے ، قوم چین کے وزیر کی اسلام آباد میں تقریر پر بھی غور کرے، اگلے ماہ کے آخر تک نوازشریف بھی اپنا بیانیہ بدل لیں گے ۔سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بعد کے پی اور بلوچستان میں بھی حالات خراب ہو رہے ہیں، امریکی کانگریس کے 368ارکان فارم 47والے نہیں ہیں، قوم چین کے وزیر کی اسلام آباد میں تقریر پر بھی غور کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کسی ملک نے ان کو اب تک 5ڈالر بھی دیئے ہیں، میرا بجلی کا بل ایک لاکھ 68ہزار روپے آیا ہے، میری مارکیٹ کے 18دکاندار دکانیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں، یہ حکومت اپنے کیسز ختم کرنے اور عوام کو بجلی کی تاروں پر لٹکانے آئی ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے ماہ کے آخر تک نوازشریف بھی اپنا بیانیہ بدل لیں گے، جب چور چوکیدار بن جائیں تو پھر اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے، جو بھی اس حکومت کیساتھ مذاکرات کرے گا وہ منہ کالا کرے گا۔انہوںنے کہا کہ اصل مذاکرات فوج کیساتھ کئے جائیں اور کوئی درمیانی راستہ نکالاجائے، چور، ڈاکو، لٹیرے، ناکام، نااہل بجٹ پیش کرنے والی حکومت کو گھر بھیجا جائے۔


