کراچی پورٹ پر 1200 ارب کی چوری ہورہی ہے، وزیراعظم وزارتوں پر برہم
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقت کو برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور سستی سے کام کو بھی برداشت نہیں کریں گے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے وزارتوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کسی نے سستی سے کام لیا تو برداشت نہیں کروں گا کمر کس لیں، پاکستان کے مسائل کو حل کرنا ہے، اپنے ٹائم کو برباد کرنے کی اجازت نہیں دوں گا، فیصلوں پر عملدرآمداور نفاذ کرنا ہوگا، سب نے ٹارگٹ پورے کرنے ہیں، آئی ایم ایف سے نجات کا ہدف صرف باتوں سے پورا نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ10 لاکھ ٹیوب ویل تیل پر چل رہے ہیں، ملک میں ساڑھے 3 ارب ڈالر کا تیل استعمال ہوتا ہے، ہم نے بلوچستان میں 28 ہزار ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کا فیصلہ کیا ہے، ہمیں سورج کی روشی سے فائدہ لینا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، ہم نے کل 50 ارب روپے ترقیاتی بجٹ سے کٹ لگا کر 200 یونٹ والوں کو 3 مہینے کےلئے ریلیف دیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ پر 1200 ارب کی چوری ہورہی ہے، پی این ایس سی کے 12جہاز ہیں اور 5 ارب روپے کی تنخواہیں ہیں جب کہ 5 ارب ڈالر فریٹ چارجز ادا کرتے ہیں، کسی کو پرواہ نہیں،کیا ہمیں اور جہاز نہیں لینے چاہیں؟ یہ پیسہ بچے گا تو دیگر منصوبوں پر لگ سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور تاجکستان کے دورے میں دیگر ممالک کے سربراہاں سے اچھی بات چیت ہوئی، روسی حکام سے بھی سرمایہ کاری پر جامع گفتگو ہوئی، زراعت اور پیٹرولیم فیلڈ میں نئی ٹیکنالوجی لانی ہے۔


