سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائی، انتہائی مطلوب شخص گرفتار
لاہور( این این آئی)کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور حساس اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی القاعدہ کے جنگجو کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں انٹیلی بیسڈ مشترکہ آپریشن کے دوران القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی ڈاکٹر امین محمد الحق کو گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشتگرد امین الحق القاعدہ کا سرکردہ جنگجو ہے اور امین الحق کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی عثمان گوندل نے کانفرنس کے دوران القاعدہ کے جنگجو امین الحق کی گرفتاری کو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ایک اہم پیش رفت اور کامیابی قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کا سینئر جنگجو امین الحق 1996سے اسامہ بن لادن کا قریبی ساتھی اور کئی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا ۔


