پاکستان کو جولائی میں 43 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز کی بیرونی امداد ملی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت اقتصادی امورنے بیرونی قرضوں اور گرانٹس کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان کو جولائی 2024 میں 43 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز کی بیرونی مالی معاونت ملی۔ وزارت اقتصادی امور نے بیرونی قرضوں اور گرانٹس کی رپورٹ جاری کردی۔ پاکستان کو 2024 کے پہلے مالی سال جولائی میں 43 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز کی بیرونی مالی معاونت ملی اور رواں مالی سال کے لیے بیرونی قرضوں اور گرانٹس کا تخمینہ 19 ارب 39 کروڑ ڈالرز لگایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے ذریعے 12 کروڑ 77 لاکھ ڈالرز موصول ہوئے جبکہ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 20 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز فراہم کیے۔ اس کے علاوہ گزشتہ ماہ مختلف ممالک نے 10 کروڑ 76 لاکھ ڈالرز فراہم کیے جبکہ عالمی بینک نے پاکستان کو 11 کروڑ 18 لاکھ 80 ہزار ڈالرز فراہم کیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین نے پاکستان کو 9 کروڑ 67 لاکھ 60 ہزار ڈالرز فراہم کیے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 5 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز سے زائد فراہم کیے۔ اسی طرح انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن نے2 کروڑ ڈالر سے زائد فراہم کیے، جرمنی نے پاکستان کو 35 لاکھ ڈالرز، سعودی عرب نے 26 لاکھ 90 ہزار ڈالرز اور امریکا نے سب سے زیادہ 44 لاکھ 42 ہزار ڈالر کی گرانٹ فراہم کی۔ پاکستان کو مختلف منصوبوں کے لیے 42 کروڑ 59 لاکھ ڈالرز قرض فراہم کیا گیا البتہ جولائی 2024 میں سعودی عرب سے ادھار پر تیل کی سہولت نہیں مل سکی۔