سیاحوں کو متوجہ کرنے کیلئےکوئٹہ میں یادگار ٹاورز اور شاندار عمارتیں تعمیر کرنی چاہیے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا صوبہ بلوچستان اکثر قدرتی آفات جیسے زلزلہ، سیلاب اور قحط سالی وغیرہ کی زد میں رہتا ہے جس کے نتیجے میں ایک طرف قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہیں تو دوسری جانب یہ ہمارے بنیادی ڈھانچے کو بھی تباہ کرتی ہیں. وفاقی اور صوبائی بجٹ کی ایک بڑی رقم ہر سال صوبے میں سڑکوں، پلوں اور دیگر عمارات کی تعمیرات پر خرچ ہوتی ہے لہذا ضروری ہے کہ اپنی عمارات اور تعمیرات کو موسم کی شدت اور قدرت آفات سے محفوظ رکھنے کیلئے انفراسٹرکچر کو مضبوط کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں صوبائی وزیر برائے سی اینڈ ڈبلیو سلیم کھوسہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم تعمیرنو پر بجٹ کی ایک بہت بڑی رقم خرچ کرنے سے بچنے کیلئے احتیاطی اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے ہوں گے. بار بار تعمیر کرنے کے بجائے ہمیں لچکدار انفراسٹرکچر بنانے پر توجہ دینی چاہیے جو قدرتی آفات کا مقابلہ کر سکے۔ اس ضمن میں ہمارے پالیسی میکرز اینڈ انجینئرز کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں. گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمارے ہاں بہت باصلاحیت انجنیئرز دستیاب ہونے کے علاوہ ہمارے پاس ہنر اور وسائل بھی موجود ہیں لہذا وہ بھی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایسی یادگار ٹاورز اور شاندار عمارتیں تعمیر کرنی چاہیے تاکہ ہم بھی دنیابھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکیں۔اس کو انجام دینے کیلئے وژن اور مضبوط ارادے کی ضرورت ہے۔