مولانا فضل الرحمٰن کے تحفظات دور ،آئینی ترمیم کیلئے نمبر گیم پورے، بات آگے نکل گئی ہے، اسحاق ڈار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)مقامی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے تحفظات دور کردیے۔اخبار روز نامہ جنگ نے حکومتی رہنماوں کے حوالے سے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن آئینی ترمیم سے متعلق حکومت کا ساتھ دیں گے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم ایک جامع پیکیج ہے جس میں آئینی عدالت بنائی جائے گی، آئینی عدالت کے لئے ججز کی تقرری کا بھی طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔آئینی عدالت کے لئے نئے سرے سے ججز کی تقرری ہو گی، آئینی عدالت بنانے کا مقصد عام سائلین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن نے اختلافی معاملات کو سلجھایا۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ دو ایوانوں میں آئینی ترمیم آج پیش کئے جانے کا امکان ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کے نمبر پورے ہیں۔منحرف ارکان کے ووٹ سے متعلق بھی ترامیم کی جا رہی ہیں، آئین کے آرٹیکل 63 اے میں ترمیم کے لئے مسودہ تیار ہے۔حکومتی ذرائع نے سینیٹ میں بھی آئینی ترامیم کے لئے نمبر گیم مکمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔دوسری جانب نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے لئے نمبر گیم کب سے پوری ہے، بات اب نمبر گیم سے آگے نکل گئی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کون سی آئینی ترمیم لا رہے ہیں جس پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ترمیم کا کابینہ کو نہیں پتہ مجھے کیسے پتہ ہوگا۔مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ مولانا سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، ضرورت پڑنے پر مولانا سے ملاقات کر لیتے ہیں۔صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ کیا عوامی مفاد اور مہنگائی کیلئے کبھی رات کو جاگے ہیں جس پر وزیر خارجہ نے جواب دیا کہ آپ کے خیال میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں ویسے ہی آگئی، مہنگائی کم ہو کر 9اعشاریہ 6فیصد پر آگئی ہے، مزید بھی کم ہوگی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ جب کمیٹی اجازت دے گی، آپ کو بتا دیں گے، آئینی ترامیم پہلے کابینہ پھر ایوان میں لائیں گے۔


