26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں نے پاکستان سے غداری کی، عمران خان

راولپنڈی(یو این اے)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ واضح الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں جس نے بھی چھبیسویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا ہے اس نے آئینِ پاکستان کی بنیادوں کو ہلا کر پاکستان کے ساتھ غداری کی ہے۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں اور اپنے وکلا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے جِس طرح پنجرے میں بند رکھ کر ذہنی اذیت دی گئی یہ بہت ہی نیچ اور افسوسناک حرکت ہے، جانوروں سے بدتر سلوک کیا گیا، سیل کی بجلی پانچ دن تک بند رکھی گئی، سیل میں گھپ اندھیرا رکھا گیا، 10 دن تک سیل سے باہر نہیں نکلنے دیا گیا، کئی ہفتے تک میرے ڈاکٹرز، فیملی اور وکلا کو ملنے پر پابندی لگائی گئی، یہ سختیاں اور ٹارچر کرکے مجھے توڑنا چاہتے ہیں مگر میں اِس ظلم کے باوجود پاکستانی قوم کی حقیقی آزادی کے لیے ڈٹا رہوں گا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو پاکستان کے مستقبل اور پاکستانیوں کے مفاد اور بہتری سے کوئی سروکار نہیں، کیوں کہ اِس کے پیسے اور جائیداد سب باہِر ہے، یہ پاکستان میں صرف اور صرف لوٹ مار کے لیے ہی آتے ہیں اور پھر اپنے وطن واپس لوٹ جاتے ہیں، جب یہ وزیراعظم تھا تو 22 دفعہ برطانیہ گیا اب تو ویسے بھی یہ بارہواں کھلاڑی ہے، اس لیے اپنے وطن واپس سدھار گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ انتظار پنجوتھہ کے اغوا پر شدید تشویش ہے، یہ جبری گمشدگی میری ذات سے مخاصمت کا شاخسانہ ہے، ملک میں مکمل لاقانونیت کا راج ہے، میرے فوکل پرسن کے اغوا کو 21 دن ہو گئے، اس کا قصور کیا ہے؟ افسوس ہے کہ عدالتیں بھی خاموش ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں