خان عبدالصمد خان اچکزئی کی آج 51 ویں برسی منائی جارہی ہے
کوئٹہ(انتخاب نیوز ) پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے بانی اور قوم پرست سیاست داں خان عبدالصمد خان اچکزئی کی 51ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ بابائے پشتون خان عبدالصمد خان اچکزئی 1907ء میں قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے عنایت اللہ کاریز میں پیدا ہوئے۔ 1938ء میں استقلال پریس اوربعد میں جماعت انجمن وطن بنائی۔ 1946ء میں کانگریس سےغیر رسمی الحاق بھی کیا۔ قیام پاکستان کے بعد میں نیشنل عوامی پارٹی میں شامل ہوئے۔ تاہم پشتونوں کیلئے علیحدہ صوبے کے مطالبے کی حمایت نہ کرنے پر الگ ہوکر پشتون خوا نیشنل عوامی پارٹی کی بنیاد رکھی۔ 1970ء میں بلوچستان اسمبلی کے رکن بنے۔
سیاسی جدوجہد کے دوران قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ پاکستان بننے کے بعد کم وبیش بیس اکیس سال جیل میں رہے اور اس سے پہلے انگریز دور میں گیارہ بارہ سال جیل میں رہے اور مجموعی طور پر 31، 32سال تکلیفیں اٹھائیں۔ انگریز کیخلاف جدووجہد کرنے پر عبدا لصمد خان اچکزئی کو بلو چستا ن کے گاندھی کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے ۔خان عبدالصمد خان بلوچستان میں صحافت کے بانیوں میں بھی شامل ہیں ، انہوں نے صحافت کے میدان میں نامساعد حالات کے باوجود گراں قدر خدمات انجام دیں۔ خان شہید کی صحافتی اور ادبی خدمات اپنے زمانے کے لحاظ سے آج ہر کوئی کرسکتا ہے لیکن انگریز کے زمانے میں اخبار چھاپنا اور چپکے سے لوگوں کے گھر پہنچانا اس کا بھی معاوضہ اسے ملتا تھا یا نہیں ملتا تھا اس کھٹن دور میں صحافت کا آغاز کیا تھا ۔
خان عبدالصمد خان اچکزئی کو دو دسمبر 1973 کو ان کے گھر پر دستی بم کا حملہ کرکے شہید کردیا گیا۔ انہوں نے سادہ لیکن بھرپور سیاسی زندگی بسر کی جو حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والے رہنماوٴں کیلئے مشعل راہ ہے۔