فیض حمید کے انکشافات کے بعد تمام راستے اڈیالہ جیل ہی جارہے ہیں، قادر مندوخیل
کراچی (آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے کہا ہے کہ فیض حمید کے انکشافات کے بعد تمام راستے اڈیالہ جیل ہی جارہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں قادرمندوخیل نے کہا کہ کیا ماضی میں امریکا نے پاکستان پر دبائو نہیں ڈالا؟ کیا ماضی میں امریکا کے پاکستان سے متعلق بیانات نہیں آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں کیپیٹل ہل پر حملے میں ملوث ملزمان کو سزا 19 سال ہوئی، پاکستان میں تو سزائیں 2،3 یا 10 سال ہوئی ہیں اور اگر یہ مقدمات ایٹی سی میں ہوتے تو 25 یا 50 سال کی سزا ہوتی، 2 سال کی سزا تو عام مقدمات میں ہوتی ہے۔ رہنما پی پی قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ فیض حمید کے انکشافات کے بعد تمام راستے اڈیالہ جیل ہی جارہے ہیں، سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی نے اسٹے لیکر مقدمات کو تاخیر کا شکار کیا۔قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، حکومت سے زیادہ پی ٹی آئی کی لابنگ امریکا میں مضبوط ہے، پی ٹی آئی کروڑوں روپے امریکا کی لابنگ فرم کو دے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خانم کہتی ہیں بانی ڈیل کے ذریعے رہا نہیں ہونا چاہتے تو پھر مذاکرات کیوں؟ ایسا نہیں ہوگا بانی پی ٹی آئی کو جیل کے دروازے کھول کر رہا کر دیا جائے۔


