اسلام آباد میں 800 کے قریب افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا، افغان سفارت خانہ
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان میں افغانستان کے سفارت خانے نے الزام عائد کیا ہے کہ اسلام آباد میں 800 کے قریب افغانوں کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں وہ بھی شامل ہیں جو اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں افغانوں کے لیے ویزا عمل کے سے متعلق غیریقینی صورتحال کی وجہ سے گرفتاریاں اور ملک بدری ہو رہی ہے۔ افغانستان کے سفارتخانے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی حکومت حالیہ دنوں کے دوران اسلام آباد میں تقریبا 800 افغان باشندوں کو حراست میں لیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتی ہے۔بیان کے مطابق اس سے خاندان ایک دوسرے سے جدا ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور ان میں سے اکثر پاکستان میں ہی پھنسے ہوئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تعداد میں وہ 137 افغان باشندے بھی شامل ہیں جن کی ویزوں میں توسیع کی درخواستیں زیرالتوا ہیں یا پھر اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی یو این ایچ سی آر کے ساتھ عارضی طور پر رجسٹرڈ ہیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سفارت خانہ غیرضروری گرفتاریوں، گھروں کی تلاشیوں اور بھتے کے لیے افغان باشندوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات پر پریشان ہے۔دوسری جانب پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے تاحال اس پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔


