ماہ رنگ و دیگر افراد کو رہا، مظاہرین کے قتل پر وزیراعلیٰ اور آئی جی پر مقدمہ کیا جائے،بی وائے سی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماﺅں نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہمارا دھرنا سریاب میں اسی مقام جاری رہے گا اور جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ جبکہ ہم اب حکومت پر واضح کرتے ہیں کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبگر بلوچ سمیت تمام گرفتار دوستوں کو فوری طور پر رہا کریں وگرنہ پورے بلوچستان کو ہم غیر معینہ مدت کے لیے سیل کریں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری ریاست اور حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبگر بلوچ سمیت تمام گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر بغیر کسی شرط ، شرائط کے رہا کریں۔ جبکہ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں افراد کو زخمی اور تین افراد کو شہید کرنے کیخلاف وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور آئی جی پولیس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور انہیں فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ مزید کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو فوری برطرف کیا جائے اور بلوچ سیاسی کارکنان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور تمام جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں