کوئٹہ سے ریل بحالی کے تمام انتظامات مکمل، سیکورٹی کلیئرنس کا انتظار ہے، ڈی ایس ریلوے

کوئٹہ (یو این اے) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلو ے کوئٹہ عمران حیات نے کہا ہے کہ بلوچستان سے ملک کے دیگر حصوں کے لیے ریل سروس کی بحالی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد کیا جائے گا۔ڈی ایس ریلویز کوئٹہ عمران حیات نے کہا ہے کہ 26 مارچ کو وفاقی وزیر ریلوے کوئٹہ کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس میں بلوچستان میں ریل سروس کی بحالی کے حوالے سے تمام پہلوں کا جائزہ لیا جائے گا اور صورتحال کا مکمل تجزیہ کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔عمران حیات نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان سے دیگر شہروں کے لیے ریل سروس کی بحالی کے لیے محکمے کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں، تاہم سکیورٹی کلیئرنس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ جیسے ہی متعلقہ اداروں کی جانب سے کلیئرنس دی جائے گی، ٹرین سروس کو بحال کر دیا جائے گا۔جعفر ایکسپریس پر حالیہ حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں ریلوے کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ اس نقصان کے ازالے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔