گوادر میں دستی بم حملہ اور فائرنگ
گوادر(بیورو رپورٹ) گوادر میں دستی بم حملہ اور فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق، حملہ آور ہلاک، ایک گرفتار، گوادر پولیس ذرائع کے مطابق سید ہاشمی ایوینیو پر واقع بلال مسجد کے قریب پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کے رہائشی کوارٹر کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے دستی بم پھینکنے کے بعد ہوائی فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ موقع پر موجود پولیس کانسٹیبل نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کا تعاقب کیا۔ پولیس کی بروقت کاروائی کے نتیجے میں حملہ آور شاہ جہان ولد محمد، سکنہ دشت حال مقیم ٹی ٹی سی کالونی گوادر کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا گیا۔ دوسرا حملہ آور شہزاد ولد وحید، سکنہ بخشی کالونی گوادر شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ مقابلے کے دوران پولیس اہلکار محمد خماری جاں بحق ہوگئے۔ حملے میں عبدالغفار ولد نبی بخش، قوم لودھرا، ساکن مظفرگڑھ معمولی زخمی ہوئے، جبکہ نوید احمد ولد سعید احمد، قوم نیازی، مظفرگڑھ بھی معمولی زخمی ہیں۔ انور ولد محمد اسحاق، قوم رانا مظفرگڑھ زخمی ہوئے ہیں۔


