جیکب آباد، ایک اور صحافی قتل، پولیس کاقاتل کو گرفتار کرنے کا دعویٰ
جیکب آباد( آئی این پی ) جیکب آباد پولیس کا صحافی کے قتل میں ملوث قاتل کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ، صحافی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، صحافیوں نے ضلع بھر میں سوگ کا اعلان کردیا، قتل میں ملوث خفیہ ہاتھ ظاہر کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کی مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے گاؤں سید الطاف شاہ میں گزشتہ روز مسلح افراد نے حملہ کرکے پریس کلب گڑہی خیرو کے سابق صدر و سینئر صحافی سید محمد شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جس کے بعد پولیس نے صحافی کے قتل میں ملوث ایک ملزم عبدالحسین عمرانی کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے قاتل نے صحافی سید محمد شاہ کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے پولیس نے گرفتار ملزم کو لاڑکانہ کی اسپتال منتقل کردیاگیا ہے، صحافی سید محمد شاہ کی نماز جنازہ گاؤں سید الطاف شاہ میں ادا کی گئی جس میں صحافیوں، شہریوں، سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی شہید صحافی کو نم آنکھوں کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ہے، جیکب آباد ضلع کے مختلف پریس کلبوں اور صحافتی تنظیموں نے صحافی سید محمد شاہ کے قتل کے خلاف ضلع بھر میں سوگ کا اعلان کردیا ہے، صحافتی تنظیموں نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت کا قتل قرار دیدیا ہے، صحافیوں نے کہا کہ سید محمد شاہ کے قتل میں ملوث خفیہ ہاتھ ظاہر کرکے انہیں گرفتار کیا جائے، انہوں نے کہا کہ گڑہی خیرو صحافیوں کے لیے مقتل گاہ بن چکا ہے اس پہلے صحافی ذوالفقار مندرانی اور ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد کے صدر حاکم علی ایری کے نوجوان بھانجے اخبار کے ہاکر حبدار ایری کو بھی شہید کیا گیا ہے اب ایک اور صحافی کا قتل حکمرانوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت صحافیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور بعد میں اسے غیرت اور قبائلی جھگڑوں کا نام دیا جاتا ہے، صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فلفور گرفتار کیا جائے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ واضح رہے کہ صحافی سید محمد شاہ کو قتل کرنے والے ملزم عبدالحسین عمرانی پر اپنی 2بیویوں کو بھی قتل کرنے کا الزام ہے ، 20روزقبل خاتون نجمہ کی گھر کے اندر گولی لگی لاش برآمد ہوئی تھی جس کے الزام میں پولیس نے ملزم عبدالحسین عمرانی کو گرفتار کیا تھا بعد میں واقعہ کو خودکشی قرار دیکر ملزم کو آزاد کردیا گیا تھا جبکہ چند روز قبل ملزم کی دوسری بیوی لعل خاتون کی بھی لاش گاؤں کے باہر سے برآمد ہوئی تھی، گڑہی خیرو سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی میر ممتاز حسین جکھرانی نے صحافی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔


