ریکوڈک مائننگ کمپنی نوکنڈی کے طلبا و طالبات کی جدید تعلیم تک رسائی ممکن بنائے گی، عیسیٰ طاہر سنجرانی
نوکنڈی (نامہ نگار) ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) نے اپنے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR) پروگرام کے تحت نوکنڈی کے دو ہائیر سیکنڈری اسکولز (گرلز اور بوائز) کو براہِ راست اپنی نگرانی میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف تعلیم کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے بلکہ یہ نوکنڈی اور گرد و نواح کے طلباءو طالبات کے لیے معیاری اور جدید تعلیم تک رسائی کو ممکن بنائے گا۔ کمپنی کے کمیونٹی انویسٹمنٹ ٹیم لیڈر عیسی طاہر سنجرانی کے مطابق، آر ڈی ایم سی اس وقت پہلے ہی نوکنڈی کے مضافات میں سات پرائمری اسکولز کامیابی سے چلا رہی ہے، جہاں بچوں کو مفت درسی کتب، کاپیاں، یونیفارمز اور دیگر ضروری تعلیمی ساز و سامان فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، ان اسکولوں میں تدریسی عملے کو نہ صرف پرکشش تنخواہیں دی جاتی ہیں بلکہ انہیں مفت رہائش کی سہولت بھی مہیا کی جاتی ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں متعدد ہونہار طلبہ کو اسکالرشپس کے ذریعے ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جو اس تعلیمی ماڈل کی کامیابی اور معیار کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ کمیونٹی انویسٹمنٹ ٹیم لیڈر عیسی طاہر سنجرانی نے مزید بتایا کہ بلوچستان حکومت اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کے ساتھ مشاورت مکمل ہو چکی ہے، اور جلد ہی نوکنڈی کے دونوں ہائیر سیکنڈری اسکولز کو جدید تعلیمی اصولوں کے مطابق ایک مثالی ادارے میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت نرسری سے لے کر انٹرمیڈیٹ تک تمام طلباءو طالبات کو مکمل طور پر مفت تعلیم فراہم کی جائے گی، تاکہ کوئی بچہ معاشی رکاوٹوں کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ ریکوڈک مائننگ کمپنی کا یہ اقدام بلاشبہ نوکنڈی کے بچوں کے لیے ایک انمول تحفہ اور روشن مستقبل کی نوید ہے۔ اس عمل سے نہ صرف مقامی تعلیمی ماحول میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ علاقے کے نوجوانوں کو خود ان کے علاقے میں عالمی معیار کی تعلیم میسر آئے گی، جو انہیں ایک باوقار، بااختیار اور روشن مستقبل کی طرف گامزن کرے گی۔


