آغاز حقوق بلوچستان پیکج، دارا شکو نے کس کے حکم پر اسکالر شپس منسوخ کیں، سیاسی جماعتیں نوٹس لیں، پشتون طلبا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے پشتون طلبا کی جانب سے جاری بیان میں آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر دارا شکو کی جانب سے اسکالر شپس منسوخ کرنے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر دارا شکو نے بلوچستان کے طلبہ کیلئے جاری اسکالر شپس منسوخ کرکے پسماندہ صوبے کے طلبہ خصوصاً پشتون طلبہ سے زیادتی کی ہے۔ طلبہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایچ ای سی نے بلوچستان کے طلبہ کیلئے آغاز حقوق بلوچستان کے تحت بیرون ملک اسکالر شپس کا اعلان کیا جسے پروجیکٹ ڈائریکٹر دارا شکو نے نجانے کس کے حکم پر منسوخ کردیا، ہم پوچھتے ہیں کہ کیا پروجیکٹ ڈائریکٹر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایچ ای سی کی جانب سے جاری اسکالر شپس بغیر کسی وجہ اور دلیل کے منسوخ کردے، کیا پروجیکٹ ڈائریکٹر کے اس ناروا عمل پر ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پشتون طلبہ کی جانب سے چیئرمین ایچ ای سی سے مطالبہ کیا گیا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت جاری اسکالر شپس منسوخ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کیخلاف کارروائی کرکے ان سے باز پرس کی جائے اور تمام منسوخ اسکالر شپ بحال کی جائیں۔ پشتون طلبہ نے تمام سیاسی جماعتوں بشمول مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، پشتونخوا میپ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، جمعیت علماءاسلام سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مطالبہ کیا ہے کہ ایچ ای سی کی جانب سے آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت طلبہ کیلئے جاری اسکالر شپس کی منسوخی کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ طلبہ کی داد رسی کی جائے اور تمام منسوخ اسکالر شپس بحال کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں