بلوچستان میں گندم اور آٹے کے بحران کے پیش نظر محکمہ خوراک کا تین لاکھ بوری گندم پاسکو سے خریدنے کا فیصلہ
کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان میں گندم اور آٹے کے بحران کے پیش نظر محکمہ خوراک نے تین لاکھ بوری گندم پاسکو سے خریدنے کا فیصلہ کرلیا وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے گندم خریداری کا معاملہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں رکھنے کی منظوری دے دی ۔ محکمہ خوراک کے حکام نے بتایا کہ بلوچستان میں اس وقت محکمہ خوراک کے گوداموں میں گندم دستیاب نہیں ہے اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ خوراک نے تین لاکھ بوری گندم پاسکو سے خریدنے کا فیصلہ ہے اور ایک سمری وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کو بھجوائی گئی ہے وزیر اعلی بلوچستان نے گندم کی خریداری کے معاملے کو کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ بنانے کی منظوری دے دی ہے محکمہ خوراک کے حکام نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پاسکو سے تین لاکھ بوری گندم خریدی جائیں گی جس کے بعد صوبے میں گندم کی قیمتوں میں استحکام آنے کا امکان ہے بلوچستان میں پچھلے ایک ماہ کے دوران گندم اور آٹے کی قیمتوں میں 55روپے کلو اضافہ ہوا ہےان دنوں بیس کلو آٹے کا تھیلا 2600روپے کا فروخت ہورہا ہے


