اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز انتقال کر گئے
لاہور: سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کمنٹریٹر ڈین جونز انتقال کر گئے۔ڈین جونز کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر ممبئی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے کوچ بھی رہے۔ ان کی کوچنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو پی ایس ایل ٹائٹل جیتے۔ ڈین جونز اچھے کمنٹیٹر بھی تھے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کی عمر 59 سال تھی، وہ 24 مارچ 1961 میں میلبرن میں پیدا ہوئے ،ڈین جونز 1987 کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے اہم رکن تھے۔ ڈین جونز آسٹریلیا کے لیے 1987 ورلڈ کپ کے ہیرو تھے۔ڈین جونز نے کورونا وائرس سے قرنطینہ ہونے کے بعد کرکٹرز کی سوشل میڈیا پر آن لائن کوچنگ شروع کر دی تھی۔
ڈین جونز کے انتقال کی خبر نے سب کو دکھی کر دیا۔ سابق پاکستانی کھلاڑی جاوید میانداد نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈین جونز کو پاکستان سے لگاؤ تھا اور ان کے انتقال سے کرکٹ کی دنیا میں خلا پیدا ہو گیا ہے۔ ڈین جونز اچھے کرکٹر اور بہترین کمنٹریٹر تھے۔
انہوں ںے کہا کہ ڈین جونز جہاں بھی جاتے پاکستان کی تعریف ہی کرتے تھے۔ ڈین جونز پاکستان کے سفیر اور حامی تھے وہ بڑے تحمل مزاج اور عاجزی پسند شخصیت تھے۔
دین جونز نے اپنے کیریئر میں 52 ٹیسٹ اور 164 ایک روزہ میچز کھیلے ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے سب سے زیادہ رنز 216 تھے۔ ایک روزہ میچوں میں انہوں نے 11 سینچریاں اور 46 ففٹیز اسکور کیں۔
30 جنوری 1984 میں پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں میں ڈیبیو کرنے والے ڈین جونز نے 6 اپریل 1994 میں اپنا آخری میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔