کشمیر ، مسلح افراد نے وکیل کو گولی مار دی ، 2لڑکیا ں گرفتار
سرینگر:مقبوضہ جموں و کشمیر میں نامعلوم مسلح افراد نے سینئر وکیل بابر قادری کو گولیاں مارکر شہید کر دیا۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق قادری نے ایک ٹویٹ میں اپنی جان پر خطرے کا عندیہ دیا تھا، یہ ٹویٹ انکی زندگی کا آخری پیغام ثابت ہوا۔نامعلوم بندوق برداروں نے سرینگر کے حول علاقہ میں بابر قادری پر گولی چلائی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔قادری کو فوری طور پر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا تاہم انہیں وہاں مردہ قرار دیاگیا۔پیشے سے وکیل بابر قادری ٹی وی چینلوں پر کشمیر کے حالات پر ہونے والے مباحثوں میں شرکت کرتے تھے۔سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بابر قادری کا ایک اکاونٹ بھی موجود ہے جس پر انہوں نے 21 ستمبر کو ایک ‘سکرین شارٹ’ پوسٹ کیا ہے جس میں انہیں ‘ایجنسیوں’ کا نمائندہ بتایا گیا ہے۔ یہاں ایجنسیوں سے مراد حکومت نواز یا بھارتی فورسز نواز گرہوں سے ہے۔اس کے جواب میں بابر نے لکھا کہ اس طرح کی باتیں مجھے بدنام کرنے کے لئے کی جاتی ہیں۔ جمعرات کی صبح پلوامہ میں حریت پسندوں اور بھارتی فورسز کے مابین تصادم میں ایک عسکری تنظیم البدر سے وابستہ مجاہد عرفان احمد ڈار شہید ہو گئے تھے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق سرینگر کے بین الاقوامی فضائی اڈے سے ایک غیر مقامی فوجی اہلکار سمیت ضلع کپواڑہ کے کرناہ کی رہنے والی دو لڑکیوں کو مشکوک حالت میں پاکر پولیس نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔17 بہار ریجمنٹ کے لائنس نائک روشن کمار جمعرات کی صبح سرینگر فضائی اڈے سے دو مقامی لڑکیوں سمیت دہلی کی طرف جا رہے تھے، تاہم فضائی اڈے میں تعینات ایئرپورٹ پولیس نے انکو مشکوک حالات میں دیکھ کر مقامی پولیس کی تحویل میں دیا۔