سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد:سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب نے اقامہ اور وزٹ ویزے پر آنے جانے والوں پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد کرونا وائرس کے پیش نظر پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، یہ ٹیسٹ سعودی عرب پہنچنے کے 48 گھنٹے کے اندر کرانا ہوگا۔یاد رہے کہ چند دن قبل سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سعودی عرب میں یکم جنوری 2021 سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کرونا وائرس کے باعث مملکت میں لگائی گئیں سفری پابندیاں اگلے سال کے آغاز ہی سے ختم کر دی جائیں گی۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یکم جنوری 2021 سے ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں کھول دی جائیں گی، سعودی شہری بیرون ملک آ جا سکیں گے۔ خروج وعودہ یا اقامے یا ویزے والے غیر ملکیوں کو بھی سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔سعودی عرب نے مرحلہ وار فلائٹ کھولنے کا بھی اعلان کیا تھا، جو لوگ مستقل نوکریوں پر ہیں انھیں 15 ستمبر سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی، کھیلوں اور بزنس ویزا رکھنے والے افراد پر سے بھی سفری پابندیاں ختم کر دی گئی تھیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں مسلسل ریکارڈ کمی ہورہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں