کورونا وائرس: اسلامی نظریاتی کونسل کی صاحب حیثیت افراد سے رمضان سے قبل زکوٰۃ ادا کرنے کی اپیل
اسلام آباد:کورونا وائرس کے باعث ہونے والے معاشی اثرات پر اسلامی نظریاتی کونسل نے صاحب حیثیت اور صاحب استطاعت افراد سے اپیل کی ہے کہ رمضان سے قبل زکوٰۃ و صدقات ادا کریں۔اس حوالے سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے شعبہ تحقیقی ملک کے صاحب حیثیت اور استطاعت افرد سے درخواست کرتا ہے کہ وہ رمضان المبارک کا انتظار کیے بغیر کورونا وائرس سے معاشی طور پر متاثر یومیہ اجرت کرنے والے مزدوروں اور دیگر حاجب مندوں کو زکوٰۃ و صدقات ادا کریں تاکہ ان کی معاشی ضروریات کی تکمیل میں آسانی ہو۔بیان میں مزید کہا گیا کہ شرعی طور پر سال مکمل ہونے سے قبل زکوٰۃ ادا کی جاسکتی ہے جبکہ موجودہ بحران میں تو یہ ایک افضل عمل ہے۔ساتھ ہی اسلامی نظریاتی کونسل کے شعبہ تحقیقی نے تجویز دی کہ مختلف صاحب حیثیت افراد گروپ بنا کر فنڈ قائم کریں تاکہ حاجت مندوں کی دیر پا مدد ہوسکے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے معاشی طور پر کافی اثرات نظر آرہے ہیں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والا طبقہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے۔